بھٹکل8؍جنوری (ایس او نیوز) یہاں موڈبھٹکل سے تینگن گنڈی کراس تک نیشنل ہائی وے 66پر سڑک کنارے چھوٹا موٹا کاروبار کرنے کے لئے لگائی گئی دکانوں کو بلدیہ کے افسران نے ہٹادیا ہے۔
خیال رہے کہ ہائی وے کا یہ علاقہ حفاظتی نقطہ نظر سے بہت ہی زیادہ حساس ہے ۔ شاہراہ کے کنارے دکانوں کی وجہ سے سڑک حادثات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ سال 2018 میں اس علاقے میں 38 حادثات پیش آئے ہیں۔اس لئے محکمہ پولیس نے حادثات پر قابو پانے کی ایک تدبیر کے طور پر بلدیہ کے افسران سے درخواست کی تھی کہ شاہراہ کے دونوں طرف چل رہی غیر قانونی دکانوں کو ہٹا دیا جائے۔ 7جنوری کو بلدیہ کے افسران نے دکانوں کو ہٹانے کی کارروائی انجام دی۔
دکانیں ہٹانے کی جب کارروائی شروع ہوئی تو کچھ دکانداروں نے ا س پر اعتراض جتاکر رکاوٹ پید اکرنے کی کوشش کی ، لیکن صدر بلدیہ نے سڑک حادثات کا حوالہ دے کر انہیں دکانے ہٹانے پر آمادہ کرلیا۔ اس موقع پر عوام نے اس بات کا بھی مطالبہ کیا کہ ساگر روڈ پر بھی سڑک کنارے کافی غیر قانونی دکانیں چلائی جارہی ہیں، جس سے ٹریفک میں خلل پید اہورہا ہے۔اس لئے ان دکانوں کو بھی ہٹادینا ضروری ہے۔